ایمان ، اخلاق اور معنویات بشریت کے لئے فخر کا باعث ہیں : آیۃاللہ العظمیٰ صافی گلپائگانی
قم ۔ ۲۰ جنوری ۱۰ بروز چہارشنبہ صوبہ قم و تھران کے الیکٹریک سٹی شعبہ کے چند مدیر اور انجینیروں نے آیۃ اللہ العظمیٰ صافی سے ملاقات کی ،
اس ملاقات کے دوران آیۃ اللہ العظمیٰ صافی نے ان کی خدمات کی قدر دانی کرتے ہوئے فرمایا : روایت میں ہے کہ مسلمانوں کو اس بات کی کوشش کرنی چاہئے کہ تمام امور میں مستقل اور خود مختار ہوں ، اگر چہ مکمل طور پر خودمختاری حاصل کرنا ممکن نہیں ہے بلکہ سب ایک دوسرے کے محتاج ہیں لیکن جہاں تک ممکن ہو معاشرے کی بنیادی ضرورتوں خود کو پورا کیا جائے تاکہ وہ بنیادی ضروریات میں دیگر ممالک کے کم سے کم محتاج ہوں ۔ اس طرح سے امام زمانہ(عج) کی خوشنودی بھی حاصل ہو گی اور اسلامی معاشرے کی عزت اور آبرو بھی محفوظ رہے گی ۔
آیۃ اللہ العظمیٰ صافی نے اپنی گفتگو کے دوسرے حصے میں علم و اخلاق کے رابطے کو بیان کرتے ہوئے فرمایا : ایمان ، اخلاق اور معنویات بشریت کے لئے فخر کا باعث ہیں اور انسان کی ساری ارزش یہ ہے کہ وہ معنوی اور روحانی امور میں پیش قدم ہو ۔ لیکن یہ تمام مسائل ایک دوسرے سے مرتبط ہیں لہذا اگر کوئی اس بات کی کوشش کرے کہ اسلامی معاشرہ ترقی کرے اور خود مختاری بنے تو اس کا یہ عمل اجر و ثواب کا مستحق ہے ۔
آپ نے خدا کے بندوں کی خدمت کو ہر مسلمان کا فریضہ قرار دیتے ہوئے فرمایا : ان تمام مسائل میں ضعیف اور ناتواں لوگوں پر خاص توجہ رکھنی چاہئے تاکہ غریب اور محروم طبقہ فراموش نہ ہو اور مسلمان اپنی وسعت بھر ان کی مدد کریں ۔
معظم لہ نے ایک روایت بیان کرتے ہوئے فرمایا : اس سے بڑھ کر کوئی عمل نہیں ہے ، ایک خداوند عالم پر ایمان اور دوسرے بندگان خدا کی مدد کرنا ، لہذا لوگوں تک بجلی پہنچانا بھی ایک قسم کی خدمت ہے اور شرعی لحاظ سے آپ کا یہ عمل خداوند عالم اور پیغمبر اکرم (ص) کے نزدیک مطلوب و مقبول ہے ۔